4 مئی، 2026، 1:11 PM

پینٹاگون میں کشیدگی بڑھ گئی، امریکی وزیر دفاع تنہائی کا شکار، برطانوی اخبار

پینٹاگون میں کشیدگی بڑھ گئی، امریکی وزیر دفاع تنہائی کا شکار، برطانوی اخبار

برطانوی اخبار کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگسٹ نے درجنوں سینئر افسران کو بغیر معقول وجہ کے برطرف کیا، جس سے پینٹاگون میں شدید بے چینی اور اندرونی انتشار پیدا ہوگیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی اخبار گارڈین نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزارت جنگ پینٹاگون کے اندر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسٹ بتدریج ادارے کے اندر تنہائی کا شکار ہورہے ہیں۔

اخبار نے لکھا ہے کہ پینٹاگون میں یہ بحران ایسے وقت میں شدت اختیار کرگیا ہے جب امریکی فوج کے اعلی افسران کی غیرمعمولی تعداد کو برطرف کیا گیا، جنہیں بعض اندرونی حلقوں نے صفائی مہم سے تشبیہ دی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹ ہیگسٹ نے اب تک 24 جنرلوں اور اعلی رینک افسران کو بغیر کسی مضبوط اور قابل قبول وجہ کے یا تو برطرف کردیا یا قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر مجبور کردیا۔

گارڈین کے مطابق برطرف کیے گئے افسران میں تقریبا 60 فیصد کا تعلق سیاہ فام افراد یا خواتین سے تھا، جبکہ ان افسران کی پیشہ ورانہ ساکھ بھی مضبوط سمجھی جاتی تھی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی بری فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل رینڈی جارج کو گزشتہ ماہ اس وقت برطرف کر دیا گیا جب انہوں نے ترقی کی فہرست سے چار افسران کے نام حذف کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

گارڈین نے مزید لکھا کہ برطرف کیے گئے نمایاں افسران میں ایڈمرل لیزا فرانچیٹی بھی شامل ہیں، جو بحری آپریشنز کی کمان سنبھالنے والی پہلی خاتون تھیں اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف میں بھی خدمات انجام دے چکی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع پینٹاگون میں تیزی سے تنہائی کی طرف بڑھ رہے ہیں اور ان کے گرد قریبی افراد کا ایک محدود حلقہ موجود ہے، جس میں بعض اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

گارڈین نے خبردار کیا کہ ان برطرفیوں سے امریکی فوج کے ادارہ جاتی نظم و ضبط، اتحاد اور آپریشنل صلاحیتوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ رپورٹ میں ایک سابق عہدیدار کے حوالے سے پینٹاگون کی داخلی صورتحال کو انتشار قرار دیا گیا ہے۔

News ID 1939127

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha